Search This Blog

Tuesday, December 18, 2018

پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (18 دسمبر 2018) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ممبران قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی مخلص اور دیانتدار قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کیلئے جو ویژن وزیراعظم نے دیا ہے پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا جس کیلئے ہم وزیراعظم کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خودمختاری کے امور کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے اپنے روڈ میپ کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، جنگلات و زراعت کی ترقی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے پر 2018ء کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انشاءاللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں سینیئرافسر کے تحت پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطے میں ہوگا۔ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پر ممبران قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو عوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی۔وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ممبران قومی اسمبلی میں شیریں مزاری، زرتاج گل وزیر، محمد شبیر علی قریشی، مخدوم باسط بخاری، عامر طلال گوپنگ، عبدالمجید خان نیازی، نیاز احمد جکھڑ خواجہ شیراز محمود، محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار محمد خان لغاری، سردار محمد جعفر خان لغاری، سردار نصراللہ خان دریشک اور سردار ریاض محمود خان مزاری شامل تھے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 1450 روپے کا اضافہ

کراچی:(18 دسمبر 2018) صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 ہزار 450 روپے اضافے کے ساتھ 67 ہزار 800 روپے پر پہنچ گئی ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا۔ عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 10 ڈالر اضافے کے بعد 1 ہزار 250 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ۔ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 ہزار 450 روپے اضافے سے 67 ہزار 800 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 1 ہزار 244 روپے اضافے سے 58 ہزار 128 روپے تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ میں نئی بلند ترین قیمت ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد صرافہ مارکیٹ میں سونے کی خرید و فروخت محدود ہوگئی ہے۔

یمن میں حدیدہ بندرگاہ پر جنگ بندی کا معاہدہ چند لمحوں میں ٹوٹ گیا

صنعا: (18 دسمبر 2018) یمن میں جاری حدیدہ کی بندرگاہ پرجنگ بندی کامعاہدے چند لمحوں میں ہی ٹوٹ گیا۔ جنگ بندی کے باوجود حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کےدرمیان جھڑپوں کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ جمعرات کو سویڈن میں اقوام متحدہ، حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کےمذاکرات میں خانہ جنگی پر معاملات طے پائے تھے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق حدیدہ میں حکومتی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان طے پانے والا جنگ بندی کا معاہدہ کچھ دیر ہی قائم رہ سکا یمنی حکام کے مطابق معاہدہ چند لمحے ہی چل سکا اور پھر ٹوٹ گیا۔ مذاکرات میں فریقین نے اتفاق کیا تھا کہ وہ پیر کو یمنی ساحلی شہر میں جنگ بندی کر لیں گے۔ جس کے بعد امداد کی آمد کا سلسلہ شروع ہو سکے لیکن جنگ بندی کے باوجود گزشتہ روز حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کےدرمیان جھڑپیں جاری رہیں۔حکام کے مطابق باغیوں نے شہر کے مشرقی علاقے میں حکومتی افواج کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جبکہ اب بھی جھڑپوں کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ دوسری جانب جمعرات کو سویڈن میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں خانہ جنگی پر معاملات طے پائے تھے۔ مذاکرات میں اس امید کااظہار کیا گیا تھا کہ یمن میں چار برس سے جاری خانہ جنگی اپنے اختتام کی جانب بڑھ سکتی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کشمیریوں کے قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کشمیریوں کے قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہنئی دہلی: (18 دسمبر 2018) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہفتہ کے روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بھارت میں متعین پروگرام ڈائریکٹر امیتا باسو نے نئی دلی میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض انتظامیہ کو اس سانحہ کی آزادانہ طور پر مکمل تحقیقات کرانی چاہیئے اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سول عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مہلک آتشی ہتھیاروں کا استعمال صرف اسی صورت میں کیا جانا چاہیئے جب انسانی جانوں کے تحفظ کے لیئے کوئی اور چارہ نہ رہ جائے اور قانون نافذ کرنے والے حکام کو تشدد میں ملوث عناصر اور پرامن مظاہرین کے درمیان فرق سمجھنا چاہیئے۔ ضلع پلوامہ کے گاؤں سرنو میں بھارتی فوجیوں نے ہفتہ کے روز تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران مظاہرین پر براہ رست اندھا دھند فائرنگ کر کے 11 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔مقامی انسانی حقوق کمیشن نے بھارتی حکام کو ضلع پلوامہ میں کشمیریوں کے قتل عام کی حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیشن نے انسانی حقوق کے علمبار اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کی طرف سے دائر ایک شکایت پر سیکریٹری داخلہ، ڈی جی پولیس، ڈی سی پلوامہ اور ایس ایس پی پلوامہ کو یکم مارچ کو مقدمے کی آئندہ سماعت پر سانحہ پلوامہ کی حقائق پر مبنی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محمد احسن اونتو نے پلوامہ میں کشمیریوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیئے ایک غیر جانبدار ٹیم تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں نے ڈیم فنڈز میں 88 کروڑ روپے جمع کرادیئے

اسلام آباد: (18 دسمبر 2018) بیرون ممالک رہنے والے پاکستانیوں نے وزیراعظم کی اپیل پر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم فنڈ میں 88 کروڑ جمع کرادیئے ہیں۔ وزارت خزانہ نے ملک پر ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات کے بارے میں تحریری طور پر قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا۔وفاقی حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے بیرون ممالک سے اکٹھے کیے گئے فنڈز اور قرضے کی تفصیلات قومی اسمبلی کو بھیج دیں ہیں۔وزارت خزانہ نے تحریری طور پر مانگے گئے سوالات کے جوابات میں بتایا ہے کہ بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں 23 نومبر تک بیرون ملک سے 88 کروڑ روپے موصول ہوئے۔ملک پر ملکی اور غیر ملکی قرضوں کے بارے میں وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ حکومت نے گذشتہ پانچ سال کے دوران عالمی مالیاتی اداروں سے 32 ارب 13 کروڑ ڈالرز کے قرضے لیے۔ ستمبر 2018ء تک ان میں سے 29 ہزار 174 ارب روپے واجب الادا ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ سال بیرونی قرضوں پر ایک ارب 68 کروڑ ڈالرز کا سود ادا کیا گیا۔ مجموعی طور پر مقامی و بیرونی قرضوں پر 15 سو ارب روپے کا سود ادا کیا گیا۔

کوئی چین کو ڈکٹیٹ کرنے کی جرأت نہیں رکھتا، چینی صدر

کوئی چین کو ڈکٹیٹ کرنے کی جرأت نہیں رکھتا، چینی صدربیجنگ:(18 دسمبر 2018) چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ کوئی بھی عالمی قوت چین کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی۔چینی صدر شی چن پنگ نے کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے چالیس سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو نہ تو حق حاصل ہے نہ ہی اتنی جرات ہے کہ ہم پر اپنی مرضی مسلط کرسکے۔ صدر شی چن پنگ نے مزید کہا کہ چین پر کوئی حکم نہیں چلا سکتا، چین خوب جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔چینی حکومت اپنی اصلاحات جاری رکھے گی جس سے عوام کے لیے سہولت اور آسانیاں پیدا کی جا سکیں گی۔ ہمیں معاشی جنگ سے نہ دھمکایا جائے۔ چین کے صدر نے قوم کو کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے 40 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور چینی معیشت کو عروج بخشا۔آج دنیا بھر میں دور تک چین کا کوئی مقابل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ چینی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکا اور چین کے درمیان تجارت اور سفارتی معاملات پر شدید اختلافات موجود ہیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ترکی کی آئینی عدالت کے صدر کی دعوت پر سرکاری دورے پر ترکی میں ہیں، جہاں انہوں نے قونیا میں ترک صدر سے ملاقات کی۔سپریم کورٹ کے تعلقات عامہ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس نے ملاقات کے دوران ’ پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان خاص محبت اور پیار‘ کے رشتے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اروان نے مولانا جلال الدین رومی کے شہر میں چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے لوگوں کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ قونیا میں مولانا رومی کی برسی کی مناسبت سے ’سیبِ عرس‘ کی تقریب میں چف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شرکت کی اور وہاں یادگاری واقعات کی تقریب میں’سماں‘ کا مشاہدہ کیا۔اس سے قبل انقرہ میں چیف جسٹس نے ترکی کی آئینی عدالت کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زوہتو ارسلان سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی مفاد کے قانونی اور عدالتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس نے اپنے ترکش ہم منصب کو پاکستان کے عدالتی نظام کے کاموں سے آگاہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ’ایگزیکٹو ان بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں‘۔ اسی حوالے سے چیف جسٹس نے ڈاکٹر ارسلان کو ان کی جانب سے’پانی کے نظام، آبادی کنٹرول، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور قانون اور انصاف کی حکمرانی یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا‘۔اس موقع پر ڈاکٹر ارسلان نے چیف جسٹس کو ترکی کے عدالتی نظام کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا اور آگاہ کیا کہ ترکی کا آئینی عدالتی نظام یورپ میں قدیم نظام میں سے ایک ہے۔ملاقات کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور ترکی کے آئینی عدالت کے صدر نے ’دونوں ممالک کی اعلیٰ ترین عدالتون کے درمیان ادارتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا‘۔

گلگت: شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کی اے ایس آئی کے عہدے پر تعیناتی

گلگت کے علاقے دیامر میں اسکولز پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کے ورثا کو پولیس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے عہدے پر تعیناتی کے تقرر نامے جاری کر دیئے گئے۔گلگت بلتستان کی پولیس کے مطابق دیامر میں اسکولز پر حملے کے چند دن بعد دیامر کو گلگت سے ملانے والے پہاڑی راستے میں قائم چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے اور 3 کو زخمی کر دیا تھا۔ اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کے اہم کمانڈر سمیت 2 ہلاک ہوئے تھے۔پولیس نے شہید اہلکاروں کے ورثا کے لیے پیکج کا اعلان کیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہدا کے ایک ایک وارث کو وزیر اعظم پیکج کے تحت اے ایس آئی بھرتی کر کے تقرر نامے حوالے کردیے گئے۔

لاہور اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے

لاہور اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے،شہری بلند و بالا عمارتوں اور گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہپیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر شدت4.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

*کراچی: فلیٹ میں آتشزدگی، بچہ جھلس کر جاں بحق*

کراچی:(18 دسمبر 2018) کراچی میں واقع فلیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بچہ جھلس کر جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر پنجابی کلب کے قریب فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔افسوسناک واقعے میں ایک بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فلیٹ میں آگ لگنے کی وجاہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

Featured Post

ایران کا صبح سویرے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ، بلیسٹک، ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال، 8 افراد زخمی، 200 سے زائد زخمی

ایران نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو تیل فراہم کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حملے سے حیفہ میں ریفائنریز میں آگ لگ گئی وعدہ صادق سوم کے تحت...