Search This Blog

Tuesday, March 26, 2019

لورالائی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 4 خودکش حملہ آور ہلاک

کوئٹہ:(26 مارچ 2019) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے پر خاتون سمیت چار خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لورالائی میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ناصرآباد میں مکان پر چھاپہ مارا، تو مکان میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جواب میں سیکیورٹی فورسز نے بھی فائرنگ کی۔جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، سیکیورٹی فورسز کی بہترین حکمت عملی کے باعث خودکش بمباروں کو فرار ہونے کا راستہ نہ مل سکا تو خاتون سمیت تین خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔اے ایس پی لورالائی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ دھماکے سے ساتھ والے مکان کی دیوار گرنے سے مزید چار افراد زخمی بھی ہوئے

اسلام آباد ہائی کورٹ آج دو بہنوں کی درخواست پر سماعت کرے گا

اسلام آباد: (26 مارچ 2019) اسلام آباد ہائی کورٹ آج ہندو مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کرنیوالی دو بہنوں کی درخواست کی سماعت کرے گا،گھوٹکی سے مبینہ اغوا کے بعد اسلام قبول کرنے والی لڑکیوں نے تحفظ کے لئے کل اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست پر سماعت کریں گے،گذشتہ روز گھوٹکی سے مبینہ لاپتہ بہنوں اور ان کے شوہروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تئیس مارچ 2019 کو خان پور بار کے سامنے دونوں لڑکیوں نے اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعتراف کیا،اسلام قبول کرنے کے بعد رینا کا نام نادیہ جبکہ روینا کا نام آسیہ رکھا گیا تھا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ لڑکیوں نے اسلام زور زبردستی قبول نہیں کیا بلکہ وہ عرصہ دراز سے اسلامی تعلیمات سے متاثر تھیں، مگر جان سے مارے جانے کے خوف کے باعث دونوں لڑکیوں نے اسلام قبول کرنے کا اعلان نہیں کیا تھا۔درخواست میں وزارت داخلہ، وزیراعلی سندھ ،آئی جی پولیس پنجاب، سندھ اوراسلام آباد اور رمیش کمار کو فریق بنایاگیا تھا اور استدعا کی گئی تھی  کہ غلط پروپیگنڈے کے باعث دونوں بہنوں اور ان کے شوہروں کی جان کو خطرات ہیں،لہذا اسلام آباد ہائی کورٹ دونوں بہنوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم، وزیرداخلہ برائے کے نوٹس لینے پر ڈھرکی سے مبینہ اغوا ہونے والی ہندو لڑکیوں کے کیس کا ڈراپ سین ہوا تھا، جہاں دونوں لڑکیوں نے مرضی سے اسلام قبول کرنے کے بعد نکاح کرلیا تھا۔اس سے قبل گذشتہ روز دونوں لڑکیوں نے تحفظ کیلئے بہاولپور کی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ہمیں کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ ہم اپنی مرضی سے گھر سے نکلی تھیں اور اب ہم نے اسلام قبول کیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ڈہرکی کے نواحی گاؤں حافظ سلیمان کے رہائشی ہری لعل مینگھواڑ کی دو بیٹیاں روینا اور رینا نے گھر سے فرار ہوگئی تھیں جبکہ لڑکیوں کے والد نے دونوں کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کا الزام عائد کیا تھا

بلاول بھٹو کی زیر قیادت حکومت مخالف ٹرین مارچ کا آج سے شروع ہوگا

کراچی:(26 مارچ 2019) حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے پہلے مرحلے میں بلاول بھٹو کی زیر قیادت ٹرین مارچ آج کراچی سے لاڑکانہ روانہ ہوگا، چیئرمین پیپلز پارٹی 20 ریلوے اسٹیشنز پر خطاب کرینگے۔پیپلز پارٹی کا ٹرین مارچ آج صبح نو بجے بکروں کے صدقے کے بعد کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہو گا۔بلاول بھٹو زرداری کوٹری، حیدرآباد، نوابشاہ اور سکھر میں کارکنان کا لہو گرمائیں گے، پی پی پی ٹرین مارچ ستائیس مارچ کو لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے کینٹ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی کے کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ محکمہ ریلوے نے ٹرین مارچ کے انتظامات اچھے نہیں کیے، مگر اس کے باوجود ہم پیپلزپارٹی کے ورکرز چیئرمین کا بھر پور استقبال کریں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو مزید مشکل میں ڈال رہی ہے۔ ہم نے ٹرین کے پیسے بھرے ہیں لیکن سہولت نہیں دی گئی۔ جب اسلام آباد میں ہی حاضری دینا ہے تو سندھ نیب کو بند کر دینا چاہیے۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت سے کوئی بعید نہیں لیکن اگر کاروان بھٹو ٹرین مارچ میں کسی قسم کی خلل ڈالی گئی تو ہم ٹرین کو دھکا لگا کر بھی مارچ شروع کر دیں گے۔

Tuesday, January 08, 2019

کراچی میں غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی: شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام غیرقانونی اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت چارجڈ پارکنگ سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں قائم تمام غیرقانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈبل پارکنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اس کی روک تھام کی جائے، فٹ ہاتھوں پر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ختم کرکے متبادل انتظامات کئے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی شہر سے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ ختم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو چارجڈ پارکنگ نظام ٹھیک کرنے کیلئے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارکنگ سے متعلق جائزہ رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کریں۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات کیے جائیں اور شہر میں جگہ جگہ بے ہنگم پارکنگ ایریا ختم کیے جائیں، اور مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

ورلڈ بینک کے سربراہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

واشنگٹن: ورلڈ بینک کے سربراہ جم یانگ کم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔جم یانگ کم یکم فروری 2019 کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے جبکہ ان کی مدت ملازمت 2022 میں ختم ہونا تھی۔ جم یانگ کم نے ورلڈ بینک کے سربراہ کے عہدے سے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔ امریکا سے چلنے والا ورلڈ بینک دنیا میں ترقی پزیر ممالک کی امداد کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے تاہم اس کی کئی پالیسیز متازع ثابت ہوئی ہیں۔ ورلڈ بینک پاکستان سمیت ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا کے کئی ممالک میں انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔

مقدمات میں کوتاہی اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، چیئرمین نیب

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کوئی کوتاہی اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔تفصیالت کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری تحقیقات کیلئے افراد کو مقررہ وقت پر بلایا جائے، ان کے ساتھ پوری تیاری، شواہد اور اخلاق سے پیش آتے ہوئے ان کی عزت نفس کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا نے کہ کوئی کوتاہی اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو متعلقہ ڈی جی نیب پر ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے میڈیا کو بھی تنبیہ کی کہ جانچ پڑتال، انکوائریوں اور تفتیش کے بارے قیاس آرائیاں نہ کی جائیں اور نیب سے متعلق خبر کی تصدیق ترجمان سے کی جائے۔چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبروں اور قیاس آرائیوں پر قانونی چارہ جوئی کر نے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اس لیے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

Friday, December 21, 2018

میگا منی لانڈرنگ کیس: سابق صدراور فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع

کراچی: (21 دسمبر 2018) بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں سات جنوری تک توسیع کردی ہے۔

آصف زرداری نے ہمیشہ سچ کی آواز بلند کی,ہم نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا احترام کیا: رحمان ملک



پیپلز پارٹی رہنما اور سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے ہمیشہ سچ کی آواز بلندکی ، پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل بند ہونا چاہئے، ہم نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا احترام کیا ہے جب کوئی فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے ، پہلے کوئی قیا
س آرائی نہیں کرنی چاہیے۔ کراچی کی بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہا کہ آصف علی زرداری کی پہلے بھی 15 جائیدادوں کی لسٹ جاری ہوئی تھی اور وہ غلط ثابت ہوئیں اور اب امریکہ میں جائیداد نکالی گئی اس کا معاملہ الیکشن کمیشن چلا گیا ، دیکھیں وہاں کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی نرم ہونا پڑتا ہے اور کبھی سخت ہونا پڑتا ہے اسی کا نام سیاست ہے۔ اگر سیاست میں یونیفارم سسٹم ہوتا تو وہ سیاست نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کے آصف علی زرداری نے ہمیشہ سچ کی آواز بلند کی ہے اگر وہ کبھی سخت زبان استعمال بھی کرتے ہیں تو کچھ لوگوں کو اسے برداشت کرنے کی عادت بھی ہونی چاہیے۔ ا نہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ چاہتی ہے کہ ملک میں اپوزیشن نہ رہے تو پھر جمہوریت کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت بھی احتساب کو ایک ٹول بناتی ہے وہ اپنی حکومت چلانے میں ہمیشہ ناکام ہوتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا احترام کیا ہے جب کوئی فیصلہ آئے گا تو دیکھتے ہیں پہلے کوئی قیا س آرائی نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا واضح فیصلہ ہے کہ جب تک کیس کا ٹرائل نہیں ہوتا جو پریس میں لیکس ہیں وہ نہیں ہونی چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی جے آئی ٹی کی رپورٹ جمع بھی نہیں ہوئی تھی تو بہت سے ٹی وی چینلز نے اس پر بہت حاشیہ آرائی کی۔ ا نہوں نے کہا کہ میری سپریم کورٹ سے اپیل ہو گئی کہ جب تک عدالت کا کوئی فیصلہ نہیں ہوتا ہمارا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ میڈیا ٹرائل ہوتا رہا ہے۔

Thursday, December 20, 2018

چائے اور کافی کس حد تک فائدہ مند؟

بات گرم مشروبات کی ہو تو دنیا بھر میں کافی اور چائے کی مقبولیت کا مقابلہ کوئی اور نہیں کرسکتا۔

ان دونوں مشروبات کے اپنے فوائد ہوتے ہیں اور جن لوگوں کو کافی پسند ہوتی ہے وہ چائے کا استعمال زیادہ پسند نہیں کرتے۔

تاہم اگر کوئی کافی چھوڑ کر چائے کو اپنا لیتا ہے تو اس کے جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں یا یوں کہہ لیں کہ ان دونوں میں زیادہ بہتر مشروب کونسا ہے؟‎

*دانت زیادہ چمکدار*

کافی دانتوں پر داغ لگانے کے حوالے سے بدنام ہے، تو اس کی جگہ چائے کو ترجیح دینے سے آپ کی مسکراہٹ زیادہ جگمگانے لگے گی، خاص طور پر اگر آپ سبز چائے یا دودھ والی چائے کو ترجیح دیں، طبی ماہرین کے مطابق چائے کے استعمال سے دانتوں پر ایسے داغ نہیں لگتے جیسا لوگ سوچتے ہیں۔

*کولیسٹرول میں کمی*

کافی اگر فلٹر نہ ہو جیسے ایسپریسو تو اس میں ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم میں جاکر صحت کے لیے نقصان دہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح ممکنہ طور پر بڑھا سکتے ہیں جس کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس کے مقابلے میں چائے کے استعمال سے ایسا نہیں ہوتا بلکہ کولیسٹرول کی سطح میں بہتری بھی آسکتی ہے۔

*سر درد ہونا*

اس بات کا انحصار اس بات پر ہے کہ تبدیلی کے حوالے سے آپ کا جسم کتنا حساس ہے اور آپ کتنی کیفین کو استعمال کرنے کے عادی ہیں، جس کے باعث کافی سے چائے پر متنقل ہونے سے ہوسکتا ہے کہ آپ کو اکثر سردرد ہونے لگے، تاہم جسم جب اس تبدیلی سے مطابقت پیدا کرلیتا ہے تو یہ علامات غائب ہوجاتی ہیں۔

*سینے میں جلن میں بہتری*

کافی غذائی نالی اور معدے کے درمیان موجود مسلز کو ریلیکس کرتی ہے، جب ایسا ہوتا ہے تو معدے میں موجود تیزابی سیال اوپر کی جانب آکر سینے میں جلن کا باعث بنتا ہے، اگر کافی کے استعمال کے بعد اکثر یہ شکایت ہوتی ہے تو چائے اس کا بہترین متبادل ہے جس میں کیفین کی مقدار کافی کم ہوتی ہے۔

*بہتر نیند*

چونکہ کافی میں چائے کے مقابلے میں کیفین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو اس سے دوری کے نتیجے میں آپ کو اچھی نیند کے حصول میں مدد مل سکتی ہے، کیونکہ کیفین بے خوابی اور جگانے کا باعث بنتی ہے۔

*مسلز اکڑنے سے بچ سکیں گے*

بہت زیادہ کافی کے نتیجے میں جسم کے لیے دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی میگنیشم کو جذب کرنا مشکل ہوجاتا ہے حالانکہ کافی میں بھی اس منرل کی تھوڑی بہت مقدار ہوتی ہے، جسکے نتیجے میں مسلز اکڑنے کی شکایت زیادہ ہونے لگتی ہے، لہذا چائے کا استعمال آپ کو ان اثرات سے تحفظ دیتا ہے۔

*مزاج میں تبدیلی*

مختلف رپورٹس کے مطابق کافی کا استعمال مزاج کو خوشگوار اور ڈپریشن کا خطرہ کم کرتا ہے، ہاورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق دو سے چار کپ روزانہ کافی پینے والے افراد میں خودکشی کا رجحان 50 فیصد تک کم ہوتا ہے، اس کے مقابلے میں چائے کے انتخاب سے آپ ان فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔

*کینسر کا کم خطرہ*

طبی تحقیقی رپورٹس میں کافی کا استعمال جگر اور آنتوں کے کینسر کے خطرے میں کمی کا باعث بتایا گیا مگر چائے ان دونوں اقسام کے ساتھ ساتھ معدے، لبلبے، بریسٹ اور دیگر کینسر کا خطرہ بھی کم کرتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ مگر یہ واضح ہے کہ چائے میں اینٹی آکسائیڈنٹ ای سی جی سی موجود ہوتا ہے خاص طور پر سبز چائے میں، جو کہ ایسے مالیکیولز کے خلاف لڑنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جو کہ کینسر کا باعث بنتے ہیں۔

*بہتر ہائیڈریشن*

ویسے آپ نے جو بھی سنا ہو مگر کافی جسم میں پانی کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے، آپ کا جسم کافی کے ایک کپ میں موجود سیال کا ایک تہائی حصہ برقرار رکھ پاتا ہے مگر چونکہ چائے میں کیفین کم ہوتی ہے لہذا وہ اس معاملے میں بہتر ہے، اگر جسم میں پانی کی سطح مناسب ہو تو سر چکرانے، جلد خشک ہونے جیسے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا جبکہ جسمانی افعال بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں۔

سبز چائے پینے کے یہ فائدے جانتے ہیں؟

سبز چائے کا استعمال پاکستان میں بہت عام ہے بلکہ اسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔

ورم کش اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور یہ گرم مشروب اپنانا درحقیقت ایک بہترین فیصلہ بھی ہوسکتا ہے۔

کیا جاننا چاہتے ہیں کہ یہ کرشماتی مشروب کس حد تک صحت کے لیے فائدہ مند ہے ؟ کینسر سے لے کر مہاسوں تک کے لیے اس کا استعمال آپ کو حیران کر دے گا۔

*یاداشت بہترین بنائیں*

سبز چائے کا روزانہ استعمال دماغ کے ان حصوں کی کارکردگی بہتر بناتا ہے جو معلومات کا تجزیہ کرنے اور معلومات اکھٹا کرنے کا کام کرتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اس میں شامل اجزاءتوجہ مرکوز کرنے اور ذہنی ہوشیاری کی سطح بڑھاتے ہیں، اس میں چونکہ کیفین کی مقدار بہت کم ہوتی ہے لہذا اعصابی تناﺅ کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

*کینسر سے بچاﺅ کے لیے مفید*

ایک تحقیق میں سبز چائے اور کینسر کی روک تھام کے لیے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے۔ محققین کے مطابق سبز چائے میں موجود پولیفینولز نامی جز کینسر کی خلیات کو مارنے اور ان کی پیشقدمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سبز چائے کا استعمال کرنے والی خواتین میں علاج کے بعد بریسٹ کینسر کے لوٹنے کا امکان کم ہوتا ہے، جبکہ ایک اور امریکی تحقیق میں اسے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے بہترین بتایا گیا۔

*جسمانی چربی تیزی سے گھلائے*

اگر آپ جسمانی وزن میں اضافے یا توند نکلنے سے پریشان ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ چوہوں ہر ہونے والی تحقیق میں اس گرم مشروب کے استعمال اور ورزش سے 36 فیصد تک توند کی چربی کو گھلانے میں کامیابی ملی۔ کچھ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس مشروب کا استعمال آٹھ ہفتوں میں پانچ کلو تک جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد دے سکتا ہے۔

*فالج کا خطرہ کم کرے*

ایک جاپانی تحقیق کے مطابق روزانہ اس مشروب کا استعمال فالج کے حملے کا خطرہ بیس فیصد تک کم کرسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق چار کپ روزانہ سبز چائے فالج کا خطرہ بیس فیصد تک کم کردیتا ہے جبکہ اس کا استعمال جتنا زیادہ ہوگا، یہ خطرہ اتنا ہی کم ہوتا جائے گا۔

*کیل مہاسوں سے نجات*

میامی یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سبز چائے میں شامل اینٹی آکسائیڈنٹس اجزائ دو تہائی کیل مہاسوں کو صاف کردیتے ہیں، تاہم اس کے لیے چائے کو پینے کی بجائے ٹھنڈا کرکے فیس واش کے طور پر استعمال کرنا ہوگا، چکنی جلد کے لیے پودینے کی چائے کو سبز چائے میں شامل کرکے یہ کام کرنا ہوگا۔

*دل کے لیے بھی فائدہ مند*

سبز چائے میں فلیونوئڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے جو خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرنے، خون کے لوتھڑوں کی روک تھام اور شریانوں کے افعال میں بہتری لاتے ہیں۔ اسی طرح سبز چائے کولیسٹرول اور شریانوں میں بلاکیج کو کم کرتا ہے۔ روزانہ ایک سے دو کپ سبز چائے پینے والوں میں شریانوں کے سکڑنے کا خطرہ 45 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

*چوہوں اور کیڑوں کو دور بھگائے*

سننے میں عجیب لگے گا مگر چوہوں کو چائے کی مہک سے نفرت ہوتی ہے، تو سبز چائے کے ٹی بیگز گھر کے ان حصوں میں رکھ دیں جہاں چوہے زیادہ نظر آتے ہوں تو چوہوں کو گھر سے بھگانے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح پودینے کی تیل میں بھگو کر ان ٹی بیگز کو رکھنا گھر سے مکڑیوں اور چیونٹیوں کو دور بھگا دے گا۔

*ناخنوں کو مضبوط بنائے*

اگر ناخنوں کے مسائل کا سامنا رہتا ہے، تو انہیں سبز چائے کے عرق میں ہفتے میں ایک بار ڈبونا عادت بنانا انہیں مضبوط، چمکدار اور رنگت بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

*جھریاں دور کرنے کے لیے بھی مددگار*

سبز چائے میں اینٹی آکسائیڈنٹس عمر بڑھنے کے اثرات زائل کرنے میں مدد دیتے ہیں، سبز چائے میں ایک ٹشو پیپر ڈبوئیں اور چہرے پر لگائیں، اسی طرح آنکھوں کے نیچے کا حصہ پھول گیا ہے تو وہاں سبز چائے کے ٹی بیگز گیلے کرکے رکھنا فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

*نیند کے دوران وزن کم کرے*

سبز چائے توند کی چربی تو گھلاتی ہی ہے جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے مگر جسمانی وزن کم کرنے کے لیے اگر اس کے 2 کپ سونے سے 2 گھنٹے پہلے پینا عادت بنائیں، تو نیند کے دوران بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے۔

*گھر سے بساند دور کرے*

غیر استعمال شدہ سبز چائے کے ٹی بیگز سے گھر میں بس جانے والی مختلف قسم کی بساند دور کی جاسکتی ہے جیسے فریج، کوڑے، جوتے یا دیگر۔

Featured Post

ایران کا صبح سویرے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ، بلیسٹک، ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال، 8 افراد زخمی، 200 سے زائد زخمی

ایران نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو تیل فراہم کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حملے سے حیفہ میں ریفائنریز میں آگ لگ گئی وعدہ صادق سوم کے تحت...